وزیراعظم شہباز شریف نے سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈسانائیکے سے دوطرفہ ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاک-سری لنکا تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔
اعلامیے کے مطابق یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان موجودہ خیر سگالی اور قریبی روابط کی عکاسی کرتی ہے۔
ملاقات میں اعلیٰ سطحی تبادلوں، دوطرفہ تجارت، تعلیمی تعاون، ثقافتی روابط اور دفاعی شعبے میں تعاون پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے کرکٹ سمیت کھیلوں کے تبادلوں کو بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی جانب سے سری لنکا کے ساتھ تمام شعبوں میں دوطرفہ روابط مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور مختلف بین الاقوامی فورمز پر دونوں ممالک کے قریبی تعاون کو سراہا۔
ملاقات میں مختلف علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اطمینان ظاہر کیا کہ پاک-سری لنکا تعلقات اعتماد اور باہمی احترام پر مبنی ہیں اور آئندہ برسوں میں یہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
انہوں نے مستقبل میں قریبی رابطے اور مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
