پاکستان میں خام تیل کی پیداوار میں کمی، گیس کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ریکارڈ
ملک میں خام تیل کی یومیہ پیداوار 3.4 فیصد کمی کے بعد 68 ہزار 200 بیرل رہ گئی ہے۔
اسلام آباد: پاکستان میں تیل و گیس کی پیداوار کے تازہ اعدادوشمار جاری کردیے گئے ہیں جس کے مطابق خام تیل کی پیداوار میں کمی جب کہ قدرتی گیس کی پیداوار میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اوگرا کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق نشپا آئل فیلڈ سے کم پیداوار کے باعث مجموعی تیل کی پیداوار متاثر ہوئی جب کہ اُچ گیس فیلڈ کی بحالی نے گیس سیکٹر کی کارکردگی بہتر بنادی۔
ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں خام تیل کی یومیہ پیداوار 3.4 فیصد کمی کے بعد 68 ہزار 200 بیرل رہ گئی۔ نشپا آئل فیلڈ کی پیداوار میں 10.3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جو ہفتہ وار بنیاد پر سب سے بڑی گراوٹ ہے اور اسی کے باعث مجموعی خام تیل کی پیداوار بھی متاثر ہوئی۔
دوسری جانب قدرتی گیس کی پیداوار میں 4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد یومیہ گیس کی پیداوار 2 ہزار 939 ملین مکعب فٹ (ایم ایم سی ایف ڈی) تک پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق اُچ گیس فیلڈ کی بحالی کے نتیجے میں اس کی پیداوار میں 77.3 فیصد کا غیر معمولی اضافہ ہوا جس سے مجموعی گیس پیداوار میں نمایاں بہتری آئی اور گیس سیکٹر کو سہارا ملا۔
اوگرا کے اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ او جی ڈی سی ایل کی گیس پیداوار میں 6.3 فیصد جب کہ ماری انرجیز کی پیداوار میں 3.9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو مجموعی گیس سپلائی میں اضافے کا باعث بنا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ گیس کی پیداوار میں بہتری توانائی کے شعبے کے لیے مثبت پیش رفت قرار دی جارہی ہے تاہم خام تیل کی پیداوار میں کمی آئندہ ہفتوں میں بھی توجہ طلب رہے گی۔
