حارث رئوف اور ابھیشیک میں گرما گرمی، فخر کا آئوٹ بھی زیر بحث بنا رہا ۔ میدان تو میدان اور سوشل میڈیا پر بھی پاک بھارت ٹاکرے کے دوران بحث اور تکرار کا طوفان جاری رہا ۔
ایشیاکپ ٹی ٹوئنٹی 2025ء میں میچ کے دوران حارث رؤف اور ابھیشیک شرما کے درمیان بحث ہو گئی۔
پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف اور بھارتی کھلاڑیوں کے درمیان گرما گرمی دیکھنے میں آئی۔
حارث رؤف کے اوور کی پہلی گیند پر بھارتی اوپنر شبمن گل نے 142 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آنے والی گیند کو مڈ وکٹ کی جانب شاٹ کھیل کر چوکا جڑ دیا۔
اس شاٹ کے فوراً بعد حارث رؤف اور بھارتی بیٹر ابھشیک شرما کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔جس پر امپائر کو مداخلت کرنا پڑی۔
اسی اوور میں ابھیشیک شرما نے بھی حارث رؤف پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی اور ایک چوکا مارتے ہوئے مجموعی طور پر 7 رنز بٹورے۔
اس دوران دونوں کھلاڑیوں کے درمیان مسلسل نظریں ملتی رہیں اور ماحول میں کشیدگی بڑھتی گئی۔
حارث رؤف اور ابھیشیک شرما کے مابین ہونے والی گرما گرمی تماشائیوں کے لیے بھی انتہائی پرجوش لمحہ ثابت ہوئی۔
قبل ازیں فخر زمان کو آئوٹ دیے جانے پر سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی۔ پاکستانی صارفین اور بعض ماہرین نے فخر زمان کے آئوٹ کوغلط قرار دیا۔
جبکہ دوسری جانب بھارتی صارفین اپنی ٹیم کے حق میں دلیلیں اور تاویلیں دیتے رہے ۔
