لاہور: لاہور ہائیکورٹ میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی تعیناتی کیخلاف دائر انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت نہ ہوسکی۔
بول نیوز کے مطابق جسٹس فیصل زمان خان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے ذاتی وجوہات کی بنا پر کیس کی سماعت سے معذرت کرلی اور فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو واپس بھجوا دی۔
یہ انٹرا کورٹ اپیل سابق وزیر شیخ رشید احمد کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سنگل بنچ نے حقائق کے برعکس درخواست خارج کی، محسن نقوی کی بطور نگران وزیراعلیٰ تعیناتی غیر قانونی ہے، عدالت سنگل بنچ کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔
درخواست گزار نے عدالت سے محسن نقوی کی بطور نگران وزیراعلیٰ تعیناتی بھی کالعدم قرار دینے کی اپیل کی ہے۔
اب چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ اس کیس کی سماعت کے لیے نیا بینچ تشکیل دیں گے۔