ایران کے صدر مسعود پزشکیان آئندہ ماہ 2 اگست سے پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر آئیں گے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق، اس دورے کے دوران دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت کے درمیان تجارتی، سیکیورٹی، توانائی اور علاقائی امور پر اہم مذاکرات متوقع ہیں۔
ایرانی صدر اپنے دورے کا آغاز 2 اگست کو لاہور سے کریں گے جہاں وہ شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دیں گے اور انہیں خراج عقیدت پیش کریں گے۔
اسی روز ایرانی صدر کا قافلہ لاہور سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد روانہ ہو جائے گا۔
ایرانی صدر 3 اگست کو اسلام آباد میں پاکستان کی اعلیٰ سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں وزیراعظم شہباز شریف سے بالمشافہ ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات، صدر آصف علی زرداری سے ون آن ون ملاقات اور نائب وزیراعظم، چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی سے علیحدہ ملاقاتیں ہوں گی۔
سفارتی ذرائع کے مطابق، ملاقاتوں کے دوران باہمی تجارت، بارڈر مینجمنٹ، توانائی، ایران کا ایٹمی پروگرام اور ایران-امریکہ مذاکرات جیسے اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
صدر آصف علی زرداری ایرانی ہم منصب کے اعزاز میں سرکاری ضیافت دیں گے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے سرکاری ظہرانے کا اہتمام کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق ایرانی صدر کی پاکستانی پارلیمانی قیادت سے ملاقاتوں کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سیاسی و پارلیمانی تعاون کو مزید فروغ دینا ہے، جس سے خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کو تقویت ملے گی۔
مسعود پزشکیان اپنا دو روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد 3 اگست کی شام وطن واپس روانہ ہو جائیں گے۔