شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال نے جہاں پنجاب کے کئی علاقوں کو شدید متاثر کیا ہے، وہیں سوشل میڈیا پر معروف گلوکار سجاد علی کا پرانا گانا ’راوی‘ ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
گانے کا مشہور بول “راوی وچ پانی کوئی نہیں” اب سیلابی حالات کے تناظر میں طنز و مزاح کا ذریعہ بن چکا ہے۔ صارفین سوال کر رہے ہیں کہ سجاد علی نے تو کہا تھا کہ راوی میں پانی نہیں لیکن اب تو پانی گھروں اور بیڈ رومز تک پہنچ گیا ہے!
بعض صارفین کا کہنا ہے کہ یہ گانا 2025 میں پہلے سے کہیں زیادہ وائرل ہو رہا ہے۔ ایک مزاحیہ تبصرے میں لکھا گیا کہ آ گیا راوی وچ پانی، اب سکون ہے۔
اسی دوران گانے کی ایک پیروڈی ورژن بھی وائرل ہوئی ہے، جس میں بول تبدیل کر کے کہا گیا کہ راوی وچ پانی بہت اے، تے ایدے کول جانا موت اے!
یہ پیروڈی نہ صرف صارفین کی توجہ حاصل کر رہی ہے بلکہ سیلاب کے دوران سوشل میڈیا پر جذبات کے اظہار کا منفرد انداز بھی بن چکی ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال ہونے والی شدید بارشوں اور بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کے بعد پاکستان میں اونچے درجے کی سیلابی صورتحال پیدا ہو چکی ہے، جس سے خاص طور پر پنجاب بری طرح متاثر ہوا ہے۔