وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت 1011 لیپ ٹاپس کے غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ قومی اسمبلی کی ذیلی کمیٹی میں پیش کی گئی آڈٹ رپورٹ کے مطابق 89 لیپ ٹاپ چوری ہوئے جبکہ 922 لیپ ٹاپس کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں۔
آڈٹ حکام کے مطابق اب تک 784 لیپ ٹاپس کی ریکوری عمل میں آ چکی ہے، تاہم 227 لیپ ٹاپ تاحال لاپتہ ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ملک کی مختلف جامعات کی جانب سے 757 لاپتہ لیپ ٹاپس کا ریکارڈ فراہم نہیں کیا گیا، جس سے اسکیم میں سنگین بدانتظامی اور شفافیت کے فقدان کی نشاندہی ہوتی ہے۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ چوری شدہ لیپ ٹاپس کی مد میں 11 لاکھ روپے کی رقم ریکور کی گئی، لیکن وہ رقم تاحال سرکاری خزانے میں جمع نہیں کرائی گئی۔
آڈٹ حکام نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ نہ صرف بقیہ 227 لیپ ٹاپس کی بازیابی کے لیے کوئی سنجیدہ قدم اٹھایا گیا، بلکہ ذمہ داران کے خلاف بھی اب تک کسی قسم کی تادیبی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔