اسلام آباد: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ملک بھر میں ماحولیاتی اور زرعی ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب نے پورے ملک میں بڑی تباہی مچائی ہے، تقریباً ایک ہزار پاکستانی سیلاب کی نذر ہو چکے ہیں، وفاق اور صوبائی حکومتیں مل کر اس بحران سے نمٹنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے بہادر آفیسر میجر عدنان اسلم نے دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا اور راولپنڈی میں نمازِ جنازہ کے موقع پر ان کے والد کے بلند جذبے نے انہیں متاثر کیا، ہمیں اپنی افواج، شہداء اور غازیوں کے بے مثال جذبے پر شکر گزار ہونا چاہیے۔
شہباز شریف نے یہ اعتراف بھی کیا کہ سیلاب نے ملک کے کئی حصوں میں تباہی مچا دی ہے، خاص طور پر پنجاب میں فصلیں زیرِ آب ہیں اور سیلاب اب سندھ میں داخل ہو رہا ہے، موسمیاتی تبدیلیوں سے پاکستان اکیلا نہیں نمٹ سکتا۔
وزیر اعظم نے موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے وزیر موسمیاتی تبدیلی کو خصوصی ذمہ داریاں سونپ دیں اور کہا کہ خصوصاً زرعی پہلوؤں پر کابینہ میں غور کیا جائے۔
شہباز شریف نے چین میں دوطرفہ اقتصادی اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ چین میں بزنس ایونٹ “انتہائی کامیاب” رہا اور اس کے لئے تمام کابینہ کے ارکان، ڈپٹی پرائم منسٹرز اور فارن سیکریٹری کے تعاون کو سراہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں چین اور امریکہ دونوں کے ساتھ قریبی اور متوازن تعلقات استوار کرنے چاہئیں اور اشیاءِ توانائی کو اندرونِ ملک میسر بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔