اسلام آباد: حکومت نے کیش لیس اکانومی انیشیٹیو 2025 کے آزادانہ جائزے اور آڈٹ کا فیصلہ کیا ہے جس کا مقصد شفافیت، مالی شمولیت اور ٹیکس بیس میں اضافہ کرنا ہے۔
پراجیکٹ کے بارے میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی جون 2025 سے جائزہ لے رہی ہے، حکومت عالمی مسابقتی بولی کے ذریعے کنسلٹنسی فرم ہائر کرے گی جبکہ کنسلٹنٹ انیشیٹو کا ڈیزائن، نفاذ، اثرات اور گورننس کا آزادانہ آڈٹ کرے گا۔
آڈٹ میں مقررہ اہداف اور کے پی آئیز کے مقابلے میں پیش رفت کا جائزہ شامل ہوگا، کنسلٹنٹ ادارہ جاتی انتظامات، حکمت عملی اور وسائل کی تقسیم کا تجزیہ کرے گا، مہم کے چیلنجز، خطرات اور خالی جگہوں کی نشاندہی بھی آڈٹ کا حصہ ہوگی جبکہ کنسلٹنٹ صارفین، تاجروں اور لین دین کے امور کا جائزہ بھی لے گا۔
راست، کیو آر کوڈ اور ڈیجیٹل والیٹ کے اپنانے کے ڈیٹا رجحانات اور عوامی و نجی اداروں کے درمیان ہم آہنگی اور نگرانی کے نظام کا تجزیہ کیا جائے گا۔
کنسلٹنٹ بروقت اور مؤثر نفاذ کے لیے قابلِ عمل سفارشات تیار کرے گا جبکہ کیش لیس پاکستان ایجنڈے کے نئے اقدامات پر تجاویز بھی فراہم کی جائیں گی۔