پاکستان کی معروف سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنی پہلی شادی کے بارے میں دلچسپ انکشاف کیا ہے کہ ان کی شادی محض ایک ہزار روپے میں ہوئی تھی۔
اداکارہ نے نجی ٹی وی کے جشنِ آزادی کے خصوصی شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے بتایا کہ میری پہلی شادی 1978 میں پروڈیوسر اقبال انصاری سے ہوئی تھی، جو اس وقت ایک سرکاری ملازم تھے اور ان کی تنخواہ صرف 1200 روپے ماہانہ تھی۔
بشریٰ انصاری نے کہا کہ ان کی شادی نہ تو کسی بھاری زیورات کی نمائش تھی اور نہ ہی بڑی تقریب ہوئی، ان کے والد نے داماد کو اپنی گاڑی بیچ کر زیورات بنانے یا قرض لے کر ولیمہ کرنے سے منع کیا تھا۔
اداکارہ کے مطابق ان کی شادی ایک سوٹ، ایک پرس اور صرف ایک ہزار روپے میں مکمل ہوئی تاکہ شوہر پر کوئی مالی بوجھ نہ پڑے۔
انہوں نے نوجوان نسل کو نصیحت کی کہ خوشحال زندگی کے لیے سادگی اور حقیقت پسندی اپنانا ضروری ہے کیونکہ نمود و نمائش کی شادیوں سے نہ صرف گھر ٹوٹتے ہیں بلکہ قرضوں کا بوجھ بھی بڑھ جاتا ہے۔
واضح رہے کہ بشریٰ انصاری اور اقبال انصاری کی شادی 36 سال بعد ختم ہوئی، جن کی دو بیٹیاں ناریمن اور میرا انصاری ہیں، تاہم مئی 2023 میں اداکارہ نے دوسری شادی کرنے کا بھی اعتراف کیا تھا۔