بحرِ اوقیانوس میں بننے والا طاقتور سمندری طوفان ’ایرن‘ مسلسل شدت اختیار کر رہا ہے اور ماہرین کے مطابق یہ دنیا کے خطرناک ترین درجے کیٹیگری 5 میں داخل ہو گیا ہے۔
عالمی میڈیا کے مطابق، نیشنل ہریکین سینٹر (NHC) نے ت.صدیق کی ہے کہ طوفان ایرن کی ہواؤں کی رفتار 160 میل فی گھنٹہ (257 کلومیٹر فی گھنٹہ) تک جا پہنچی ہے۔ یہ رفتار اسے اس موسم کا پہلا اور انتہائی خطرناک سمندری طوفان قرار دیتی ہے۔
ماہرین کے مطابق طوفان کا مرکز اس وقت پورٹو ریکو کے شمال مشرق میں تقریباً 175 میل کے فاصلے پر ہے اور یہ شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے۔ اگلے چند دنوں میں اس کے رخ میں تبدیلی متوقع ہے تاہم اس دوران سمندری لہروں، بارش اور تیز ہواؤں کے باعث کئی علاقے متاثر ہو سکتے ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق، ایرن سے اٹھنے والی لہریں امریکی مشرقی ساحلوں کے لیے “جان لیوا” ثابت ہو سکتی ہیں۔ ساحلی علاقوں میں شدید بارشوں اور سمندری طوفانی لہروں سے املاک کو نقصان اور نظامِ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب، امریکی حکام نے لوگوں کو احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر ساحلی علاقوں کا رخ نہ کریں اور ہنگامی حالات کے لیے تیار رہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ طوفان اگلے ہفتے کے دوران کچھ شدت کھو سکتا ہے، مگر کیٹیگری 5 میں داخل ہونے کے بعد بھی اس کی تباہی کی صلاحیت برقرار رہے گی۔