مشرقی عراقی شہر کوت میں کے ایک بڑے شاپنگ مال میں لگنے والی آگ نے ہولناک تباہی مچائی، جس کے نتیجے میں کم از کم 50 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
صوبہ واسط کے گورنر محمد المیاحی نے سرکاری خبر رساں ایجنسی INA سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ شاپنگ سینٹر میں المناک آتشزدگی کے باعث شہدا اور زخمیوں کی تعداد تقریباً 50 تک پہنچ چکی ہے۔
مزید پڑھیں: ترکیہ ہوٹل آتشزدگی، پولیس نے تحقیقات کیلیے 9 افراد کو گرفتار کر لیا
ہائپر مال میں آگ رات گئے بھڑکی، جس کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔
کوت شہر بغداد سے تقریباً 160 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ہے، جہاں اسپتالوں میں آج صبح 4 بجے تک زخمیوں کو منتقل کیا جا رہا تھا۔
ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے کے نمائندے نے بتایا کہ مال کو کھلے ہوئے صرف پانچ دن ہوئے تھے، آگ پہلی منزل سے شروع ہونے کی ابتدائی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، نمائندے نے اسپتال میں جھلسی ہوئی لاشیں دیکھنے کی تصدیق بھی کی۔
مزید پڑھیں: لاس اینجلس؛ آتشزدگی کے باعث 12ہزار سے زائدگھر اور عمارتیں راکھ کا ڈھیر بن گئیں
گورنر المیاحی نے تین روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمارت اور مال کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔
واقعے نے مقامی سطح پر شدید غم و غصے اور افسوس کی لہر دوڑا دی ہے، حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔