محمد عامر نے بھارتی اوپننگ بیٹر ابھیشیک شرما کو “سلاگر” کیوں کہا؟
محمد عامر نے ابھیشیک شرما کو "سلاگر” قرار دے دیا اور تکنیک پر سوال اٹھا دیے
سابق پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر نے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے ہائی وولٹیج مقابلے سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز ابھیشیک شرما کو “سلاگر” قرار دے دیا۔
محمد عامر نے ایک نجی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ابھیشیک شرما کے کھیل پر کھل کر اظہارِ خیال کیا اور ان کی بیٹنگ تکنیک پر سوالات اٹھائے۔
محمد عامر کا کہنا تھا کہ میں نے اب تک ابھیشیک شرما کی بیٹنگ کو جتنا دیکھا ہے، اس سے یہی لگتا ہے کہ وہ ایک سلاگر ہیں جو تقریباً ہر گیند کو باؤنڈری کے لیے کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر گیند بلے پر صحیح لگ جائے تو وہ بڑا شاٹ کھیلنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں لیکن اگر شاٹ درست نہ لگے تو آؤٹ ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
محمد عامر نے ابھیشیک شرما کی کارکردگی میں عدم تسلسل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ آٹھ اننگز میں سے شاید ایک اننگ میں بڑی کارکردگی دکھاتے ہیں جبکہ باقی میچز میں 10، 15 یا 20 رنز تک محدود رہتے ہیں۔
سابق فاسٹ بولر کے مطابق ابھیشیک شرما کی بیٹنگ میں مضبوط تکنیک کم نظر آتی ہے بلکہ ان کا انداز ایسا محسوس ہوتا ہے کہ صرف گیند آئے اور زور سے شاٹ کھیل دیا جائے۔
محمد عامر نے کہا کہ اگر ابھیشیک شرما کا دن ہو تو وہ کسی بھی ٹیم کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں، تاہم ان کا کھیل ہائی رسک ہے اور وہ سلوئر گیندوں کے خلاف بھی مشکلات کا شکار دکھائی دیتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ابھیشیک شرما کو مکمل بیٹر اس وقت مانیں گے جب وہ سوئنگ گیندوں کو بہتر انداز میں کھیل سکیں، دفاع مضبوط کریں اور شاٹس میں مستقل مزاجی دکھائیں۔
