پاکستان بزنس فورم کے وفد کی امریکی سفارتی حکام سے ملاقات،باہمی تعاون مزیر بڑھانے پر اتفاق کرلیاگیا۔ امریکی سفارتی حکام نے کہاکہ امریکا پاکستان میں سرمایہ کاری، اقتصادی تعلقات مضبوط کرنے کا خواہشمند ہے۔
امریکی حکام نے آل پاکستان بزنس فورم (اے پی بی ایف) کی قیادت کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران تجارت اور کاروباری تعاون کے لیے ملک کے بڑھتے ہوئے امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
اے پی بی ایف کے صدر سید معاذ محمود اور چیئرمین جناب ابراہیم قریشی کی قیادت میں وفد نے امریکی سفارت خانے میں ڈپٹی ہیڈ آف مشن مسٹرزچری ہارکن رائیڈر اور ڈپٹی اکنامک قونصلر مسٹر رابرٹ سی نیوزوم سے ملاقات کی۔
اس موقع پراے پی بی ایف کے صدر سید معاذ محمود نے کاروباری برادری اوربین الاقوامی شراکت داروں کے درمیان اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہاکہ ہم براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری اور کاروباری برادری کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایک مشترکہ کانفرنس کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
ان کاکہناتھاکہ ہمارا مقصد کاروبار کرنے میں آسانی کے لیے پالیسیوں کو بہتر بنانے، عملی حل کی نشاندہی کرنے، اور علم کے اشتراک اور نیٹ ورکنگ کی حوصلہ افزائی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اکٹھا کرنا ہے۔
انہوں نے کہاکہ یہ اقدام ٹھوس ترقی کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گا اور ہماری صنعتوں کو درپیش مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے میں مدد کرے گا۔
سید معاذ محمود نے مزید کہا کہ ایک مضبوط اور سرمایہ کار دوست ماحول معاشی ترقی کے لیے اہم ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان میں کاروباری برادری اپنی عالمی رسائی کو بڑھانے کے لیے بے تاب ہے۔
ان کاکہنا تھاکہ امریکاکے ساتھ اسٹریٹجک تعاون سے نہ صرف نئے مواقع کھلیں گے بلکہ ادارہ جاتی فریم ورک کو بھی تقویت ملے گی جو پائیدار ترقی اور جدت طرازی کی حمایت کرتے ہیں۔
چیئرمین ابراہیم قریشی نے اے پی بی ایف کے امریکی شراکت داروں کے ساتھ مضبوط تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہاکہ اے پی بی ایف امریکی کاروباری اداروں کے ساتھ متعدد شعبوں میں فعال طور پر کام کر رہا ہے اور دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے کے لیے امریکی سفارت خانے کے ساتھ تعاون کے لیے وقف ہے۔
امریکی سفارت خانے کے حکام نے اے پی بی ایف کی قیادت کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ اور دو طرفہ تجارتی تعاون کی کوششوں کو سراہا،۔
امریکی حکام کے مطابق ہم ایک مضبوط اور پائیدار شراکت داری قائم کرنے کے لیے APBF کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں جس سے دونوں ممالک کو فائدہ پہنچے۔
اے پی بی ایف کی قیادت اور امریکی حکام دونوں نے تعاون کے جذبے کی تعریف کی اوربات چیت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
شراکت داری پاکستان کی معیشت میں جدت، سرمایہ کاری اور جامع ترقی کے لیے مل کر کام کرنے پر بھی اتفاق کیاگیا۔