سپر 8؛ ویسٹ انڈیز کو شکست، جنوبی افریقا کے سیمی فائنل کھیلنے کے امکانات روشن
سپر ایٹ مرحلے میں یہ جنوبی افریقا کی مسلسل دوسری فتح ہے۔
احمد آباد: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 8 مرحلے میں جنوبی افریقا نے ویسٹ انڈیز کو 9 وکٹوں سے عبرتناک شکست دے کر سیمی فائنل کی راہ ہموار کرلی۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 8 مرحلے میں جنوبی افریقا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے شکست دے دی اور سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات مزید مضبوط کرلیے۔
جنوبی افریقا نے 177 رنز کا ہدف انتہائی اعتماد کے ساتھ حاصل کیا اور صرف 17ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر مطلوبہ اسکور مکمل کرلیا۔ ٹیم کی جارحانہ بیٹنگ نے ویسٹ انڈین بولرز کو بے بس کرکے رکھ دیا۔
جنوبی افریقا کی فتح میں کپتان ایڈن مارکرم نے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے 46 گیندوں پر ناقابل شکست 82 رنز کی ذمہ دارانہ اور جارحانہ اننگز کھیلی جس میں شاندار شاٹس شامل تھے۔
ان کے ساتھ ریان رکٹن نے بھی بہترین کھیل پیش کیا اور 28 گیندوں پر ناقابل شکست 45 رنز بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
اوپنر کوئنٹن ڈی کاک نے بھی ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا اور صرف 24 گیندوں پر 47 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیل کر ہدف کے تعاقب کو آسان بنادیا۔
خیال رہے کہ سپر ایٹ مرحلے میں یہ جنوبی افریقا کی مسلسل دوسری فتح ہے جس کے بعد ٹیم گروپ ٹو میں 4 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔
اس اہم کامیابی کے بعد جنوبی افریقا کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں اور ٹیم کی کارکردگی اسے ٹورنامنٹ کی مضبوط دعویدار بنارہی ہے۔
