آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سیالکوٹ سیکٹر، شکرگڑھ، نارووال اور کرتاپور سمیت سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن کا جائزہ لیا اور ان میں مصروف جوانوں کے جذبہ خدمت، پیشہ ورانہ تیاری اور بلند حوصلے کو سراہا۔
اپنے دورے کے دوران آرمی چیف نے دربار صاحب کرتاپور کا فضائی جائزہ بھی لیا اور سیلاب سے متاثرہ تمام مذہبی مقامات، بالخصوص گوردوارہ دربار صاحب کرتاپور کو اصل حالت میں بحال کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ اقلیتوں اور ان کے مقدس مقامات کا تحفظ ریاست اور ریاستی اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
کرتاپور آمد پر سکھ برادری نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا پرتپاک استقبال کیا اور ریسکیو و ریلیف آپریشن میں پاک فوج کی بروقت کارروائیوں پر اظہارِ تشکر کیا۔
آرمی چیف نے دورے کے دوران سول انتظامیہ کے نمائندوں سے ملاقات بھی کی اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے پنجاب کے متاثرہ علاقوں میں عوامی ریلیف کے لیے سول و عسکری اداروں کی ہم آہنگی کو خوش آئند قرار دیا۔
بعدازاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کور کمانڈر گوجرانوالہ نے کیا۔