راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ پاک فوج نے ملک بھر کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن تیز کردیا ہے جب کہ اس دوران 2 جوان شہید اور 2 زخمی ہوئے۔
ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز پبلک ریلیشن (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق کرتارپور میں کشتیوں کے ذریعے ریسکیو آپریشن جاری ہے جب کہ گلگت بلتستان میں فضائی امدادی کارروائیاں بھی کی جا رہی ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شاہراہ قراقرم کو کھول دیا گیا ہے جب کہ غذر کی شاہراہوں کی بحالی کا کام بھی جاری ہے۔ اب تک 28 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے اور متاثرہ علاقوں میں پل اور شاہراہوں کی بحالی کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین میں اب تک 225 ٹن راشن تقسیم کیا گیا ہے جب کہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں فلڈ یونٹس بھی سرگرم عمل ہیں۔ میڈیکل کیمپس میں 20 ہزار سے زائد افراد کو علاج اور طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ امدادی کارروائیوں کے دوران پاک فوج کے 2 جوان شہید اور 2 زخمی ہوئے۔ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی ہدایت پر امدادی سرگرمیاں بلاتعطل جاری ہیں اور مشکل گھڑی میں پاک فوج متاثرہ عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔