اسلام آباد: نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کی جانب سے دریائے چناب، راوی اور ستلج میں غیر معمولی سیلابی صورتحال کے پیش نظر ایمرجنسی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کے مطابق دریاؤں میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے، جس سے متعدد علاقوں میں شدید خطرات لاحق ہیں۔
دریائے چناب
مرالہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 7,69,481 کیوسک تک پہنچ چکا ہے، جو انتہائی اونچے درجے کا سیلاب تصور کیا جا رہا ہے۔
خانکی کے مقام پر 7,05,225 کیوسک کا بہاؤ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو اب بتدریج کم ہو رہا ہے۔
دریائے راوی
جسر کے مقام پر 2,02,200 کیوسک کا اونچے درجے کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے، جس کے 2,29,700 کیوسک تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔
شاہدرہ میں پانی کا بہاؤ 72,900 کیوسک ہے، جس سے شاہدرہ، پارک ویو، اور موٹر وے M-2 کے نشیبی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
دریائے ستلج
گنڈا سنگھ والا کے مقام پر 2.45 لاکھ کیوسک کا انتہائی اونچے درجے کا سیلابی ریلا برقرار ہے۔
سلیمانکی میں پانی کا حالیہ بہاؤ 1,00,355 کیوسک ہے، جو اب بھی خطرناک حد تک بلند ہے۔
وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر این ڈی ایم اے تمام ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کی نگرانی کر رہا ہے، نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر مکمل طور پر 24/7 فعال ہے اور سول و عسکری اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
عوام کو ہدایات دی گئی ہیں کہ دریاؤں کے کنارے اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں، مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں اور ہنگامی حالات میں ریسکیو ٹیموں سے فوری رابطہ کریں۔
سیلاب زدہ علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، اپنی ایمرجنسی کٹ (پانی، خوراک، ادویات) تیار رکھیں اور اہم دستاویزات محفوظ کریں۔