کراچی سے کشمیر تک جاری موسلا دھار بارشوں اور اچانک سیلابی ریلوں سے پیدا ہونے والی تباہ کن صورتحال پر شوبز ستاروں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومتی نااہلی، ناقص منصوبہ بندی اور بنیادی ڈھانچے کی تباہ حالی پر سخت تنقید کی ہے۔
پاکستان کے مختلف حصوں میں حالیہ دنوں میں شدید بارشوں، بادل پھٹنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث درجنوں اموات، سیکڑوں زخمی اور ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔
کراچی میں اربن فلڈنگ کے باعث معمولات زندگی مفلوج ہو چکے ہیں جبکہ خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور شمالی علاقوں میں سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔
اس سنگین صورتحال پر مشہور فنکاروں مشی خان، خالد انعم، حنا بیات، فیصل قریشی، سجل علی، ہمایوں سعید، جویریہ سعود، احسن خان، شنیرا اکرم، کبریٰ خان، حدیقہ کیانی، صنم سعید، ایمن خان، ماورا حسین، طلحہ انجم، فرحان سعید، مریم نفیس اور دیگرنے سوشل میڈیا پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔
اداکارہ صنم سعید نے متعلقہ اداروں کو ٹیگ کرتے ہوئے فوری اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا جبکہ ایمن خان نے سوال اٹھایا کہ ہماری حکومت کہاں ہے؟
ماورا حسین نے کراچی کی حالت زار پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ایسا شہر جو لاکھوں کا گھر اور خوابوں کا سہارا ہے، وہ ڈوب رہا ہے۔
رَیپر طلحہ انجم نے طنزیہ انداز اپناتے ہوئے لکھا کہ کراچی والے گھبرائیں نہیں، اجرک نمبر پلیٹ آپ کی گاڑی کو ڈوبنے نہیں دے گی!
اس کے علاوہ گلوکار فرحان سعید نے بھی لاہور اور کراچی کا موازنہ کرتے ہوئے لکھا کہ میرا دل کراچی کے لیے روتا ہے، کاش یہ شہر بھی وہ ترقی دیکھتا جس کا یہ مستحق ہے۔
اداکارہ مریم نفیس نے پاکستانیوں کی ہمدردی اور جذبے کو سراہا اور کہا کہ سیلابی مناظر دل دہلا دینے والے ہیں لیکن عوام کی مدد باہمی ہمدردی کی بہترین مثال ہے۔
اداکارہ حنا الطاف نے بھی اپنی بے چینی بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ محض بارش نہیں تھی بلکہ ایک یاد دہانی تھی کہ ہم کتنے غیر محفوظ ہیں۔
علاوہ ازیں دیگر فنکاروں نے بھی حکومتی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ بار بار پیش آنے والی اس تباہی کا مستقل حل نکالیں اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔