اسلام آباد: اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) کے مطابق ربیع الاول 1447 ہجری کا نیا چاند 23 اگست 2025 کو صبح 11 بج کر 06 منٹ پر (پاکستان معیاری وقت کے مطابق) پیدا ہونے کی توقع ہے۔
سپارکو کے مطابق 24 اگست 2025 کو غروبِ آفتاب کے وقت نئے چاند کی عمر تقریباً 32 گھنٹے 13 منٹ ہوگی، جبکہ ملک کے ساحلی علاقوں میں غروبِ آفتاب اور غروبِ قمر کے درمیان وقفہ تقریباً 45 منٹ رہے گا۔
فلکیاتی اعداد و شمار کے تحت 24 اگست کی شام کو موسم صاف ہونے کی صورت میں چاند نظر آنے کے اچھے امکانات موجود ہیں۔
ماہرین کے مطابق اگر چاند نظر آ گیا تو ربیع الاول کی پہلی تاریخ 25 اگست 2025 کو ہوگی۔ تاہم مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی ہی چشم دید گواہیوں اور موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے چاند کی رویت کا حتمی فیصلہ کرنے کی مجاز ہے۔