شہر قائد میں مون سون بارشوں کے بعد قصبہ کٹی پہاڑی کے علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں پہاڑی سے بڑے پتھر سڑک پر گرنے لگے اور ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق پہلے شام کے وقت چند پتھر سڑک پر گرے، جس پر اسسٹنٹ کمشنر نے احتیاطی تدابیر کے تحت فوری طور پر سڑک کو بند کروا دیا۔
تاہم تیز بارش کے دوسرے اسپیل کے بعد ایک مرتبہ پھر مزید پتھر گرنے لگے، جس سے صورتحال سنگین ہو گئی۔
یہ علاقہ پیرآباد اور شاہراہ نور جہاں تھانوں کی حدود میں آتا ہے۔ خوش قسمتی سے کسی قسم کا جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا، تاہم لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی روانی کئی گھنٹوں تک معطل رہی، اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
پولیس کی نفری اور متعلقہ انتظامیہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی، جبکہ ٹریفک کی بحالی اور مزید ممکنہ خطرات سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔