متاثرہ شہریوں، بچوں اور بزرگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا، فوجی جوان دن بھر ریسکیو آپریشن میں مصروف
کراچی میں شدید بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر پاک فوج کے جوان شہر کے مختلف متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں۔
پاک فوج کی ریسکیو ٹیموں نے دن بھر شہر کے مختلف حصوں میں بارش سے متاثرہ شہریوں اور گاڑیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں بھرپور کردار ادا کیا۔
فوجی حکام کے مطابق، شدید بارش کے باعث کئی علاقے زیرِ آب آ گئے، جہاں عام شہری، خصوصاً خواتین، بزرگ اور بچے مشکلات کا شکار ہو گئے۔
اس صورتحال میں پاک فوج کی امدادی گاڑیاں اور ریسکیو اہلکار فوری طور پر متحرک ہوئے اور درجنوں افراد کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
ریسکیو ٹیموں نے پانی میں پھنسی کئی گاڑیوں کو بھی نکالا، اور سڑکوں پر ٹریفک بحال کرانے میں سول انتظامیہ کی مدد کی۔ فوجی جوانوں نے متاثرہ علاقوں میں پیدل پہنچ کر ان افراد کو بھی ریسکیو کیا جو سیلابی پانی میں پھنسے ہوئے تھے۔
فوجی ترجمان کے مطابق پاک فوج کے ریسکیو آپریشنز جب تک حالات معمول پر نہیں آ جاتے جاری رہیں گے اور عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔
شہریوں نے پاک فوج کی بروقت امداد اور مؤثر ریسکیو آپریشنز کو سراہا، اور کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں فوج کی موجودگی نے اُنہیں حوصلہ دیا۔