کراچی: نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے سندھ کے مختلف اضلاع کے لیے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے 12 سے 24 گھنٹوں میں کراچی، حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین، میرپورخاص، سکھر اور ملحقہ علاقوں میں انتہائی موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔
الرٹ کے مطابق مختصر وقت میں 50 سے 100 ملی میٹر سے زائد بارش ہو سکتی ہے جس سے کئی شہروں میں شہری سیلاب کا خطرہ برقرار ہے۔
کراچی، حیدرآباد، سکھر اور میرپورخاص میں شدید بارشوں اور ناقص نکاسی آب کے باعث پانی جمع رہنے کا اندیشہ ہے۔ ٹھٹہ، بدین، جامشورو اور دادو کے اضلاع میں اچانک سیلاب (Flash Floods) کا خطرہ ہے۔
دریائے سندھ اور اس کی معاون ندیوں میں پانی کی سطح بلند ہونے سے نچلے علاقوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
مرکزی شاہراہوں اور مقامی سڑکوں کے زیرآب آنے سے آمدورفت متاثر ہو سکتی ہے جبکہ بجلی اور ٹیلی کمیونیکیشن سروسز میں تعطل بڑھنے کا امکان ہے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ خطرے سے دوچار علاقوں میں رہائشی اپنی قیمتی اشیاء اور مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کریں، ہنگامی سامان جیسے کھانا، پانی، ادویات اور فرسٹ ایڈ کٹ تیار رکھیں۔
برقی آلات کے استعمال میں احتیاط کریں اور زیرآب سڑکوں یا بجلی کے کھمبوں کے قریب نہ جائیں۔