نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان (NGCP) نے ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے 500 کے وی K2/K3 ٹرانسمیشن لائن کو کامیابی سے انرجائز کر دیا ہے۔
اس منصوبے کی تکمیل سے کینوپ نیوکلیئر پاور پلانٹس سے 2200 میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کی جا سکے گی، جو ملک کی توانائی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
یہ 102 کلومیٹر طویل ڈبل سرکٹ ٹرانسمیشن لائن 18.45 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کی گئی ہے۔ اس منصوبے کی بدولت ملک کے جنوبی علاقوں میں بجلی کی ترسیل کا نظام مزید مستحکم ہوگا اور ترسیلی استعداد میں نمایاں بہتری آئے گی۔
نیشنل گرڈ کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر انجینئر محمد شاہد نذیر نے پراجیکٹ میں شامل انجینئرز، ٹیکنیکل اسٹاف اور انتظامی ٹیموں کو اس اہم کامیابی پر مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ نیشنل گرڈ کے انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ہماری کوششوں کا عملی ثبوت ہے۔
انجینئر شاہد نذیر نے منصوبے کی بروقت تکمیل میں پاور ڈویژن اور NGCP بورڈ آف ڈائریکٹرز کے تعاون کو سراہا اور کہا کہ ان کی راہنمائی اور حمایت کے بغیر یہ کامیابی ممکن نہ تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ K2/K3 ٹرانسمیشن لائن کی تکمیل سے پاکستان کے پاور ٹرانسمیشن نیٹ ورک کی مجموعی استعداد میں اضافہ ہوگا، اور ملک کے بڑے لوڈ سنٹرز تک بجلی کی مسلسل اور قابلِ اعتماد ترسیل کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔