یومِ آزادی پر کراچی میں شاندار میوزیکل نائٹ؛ معروف گلوکاروں نے سماں باندھ دیا

پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر کراچی میں جشنِ آزادی بھرپور انداز میں منایا جارہا ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم میں رنگا رنگ “گرینڈ میوزیکل نائٹ” کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک کے نامور گلوکاروں نے اپنے دلکش فن کا مظاہرہ کیا۔

عاطف اسلم، راحت فتح علی خان، سجاد علی، حدیقہ کیانی، کیفی خلیل اور نتالیہ گل نے اپنی جاندار پرفارمنسز سے حاضرین کو جھومنے پر مجبور کر دیا، ہزاروں شہریوں نے محفل موسیقی سے بھرپور لطف اٹھایا اور پاکستان سے محبت کا بھرپور اظہار کیا۔

محکمہ ثقافت سندھ کی جانب سے “آزادی ٹرین” کا اہتمام بھی کیا گیا، جو کراچی کینٹ اسٹیشن سے تھرپارکر کے لیے روانہ ہوئی۔

ٹرین کی روانگی سے قبل اسٹیشن پر فنکاروں نے روایتی رقص اور موسیقی کے ذریعے حاضرین کا دل جیت لیا، ٹرین میں سوار شرکا نے راستے میں ہر اسٹیشن پر قومی پرچم تقسیم کیے جبکہ یومِ آزادی کی مناسبت سے 78 پاؤنڈ وزنی کیک بھی کاٹا گیا۔

مزید برآں محکمہ ثقافت کی جانب سے ایک خصوصی آزادی فلوٹ بھی تیار کیا گیا، جس نے کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، تاہم گلوکاروں کی لائیو پرفارمنسز پر شہریوں نے جوش و خروش کے ساتھ داد دی، فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی۔

یومِ آزادی کے ان تقریبات نے کراچی شہر کو خوشی، موسیقی اور حب الوطنی کے رنگوں سے بھر دیا، جہاں ہر عمر کے افراد نے یکجہتی اور جشن کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

Related posts

ہانیہ عامر کا خواتین کی کامیابی پر سوال اٹھانے والوں کو کرارا جواب

پی سی بی میں جشنِ آزادی؛ قذافی اسٹیڈیم قومی پرچم کے رنگ میں رنگ گیا

ملکی زرمبادلہ ذخائر میں 2 کروڑ ڈالر سے زائد کا اضافہ ریکارڈ