چین کے شہر چینگ ڈو میں جاری ورلڈ گیمز اسنوکر ایونٹ میں پاکستان کے محمد آصف نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
سیمی فائنل کے کوارٹرز میں محمد آصف نے برطانیہ کے زیک کوسکر کو یکطرفہ مقابلے میں 0-2 سے شکست دی۔ پہلے فریم میں 51 کی شاندار بریک کھیلتے ہوئے انہوں نے 15-79 سے کامیابی حاصل کی، جبکہ دوسرے فریم میں 31-89 سے فتح اپنے نام کی۔
مزید پڑھیں: پاکستان کے محمد حسنین اختر نے بی ایس ایف عالمی انڈر17 اسنوکر چیمپئن شپ جیت لی
محمد آصف اب میڈل سے صرف ایک فتح کی دوری پر ہیں۔ سیمی فائنل جیتنے کی صورت میں ان کا میڈل یقینی ہو جائے گا، تاہم شکست کی صورت میں وہ برانز میڈل کے لیے کھیلیں گے۔
یاد رہے کہ ورلڈ گیمز کی تاریخ میں پاکستان اب تک صرف ایک میڈل جیت سکا ہے، جو 2001 میں شوکت علی نے اسنوکر میں برانز کی صورت میں حاصل کیا تھا۔