مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں حالیہ واقعہ کو لے کر بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستان پر عجلت میں لگائے گئے الزامات کو اُس وقت شدید دھچکا لگا جب بھارت کے عسکری ہیڈکوارٹر Integrated Defence Staff (IDS) نے خود ہی سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی رپورٹوں کو من گھڑت اور غیر مصدقہ قرار دے دیا۔
IDS کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے جاری ایک وضاحتی پیغام میں کہا گیا ہے کہ پہلگام واقعہ میں مبینہ طور پر ملوث افراد کی شناخت اور پس منظر سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی معلومات حقائق پر مبنی نہیں، اور نہ ہی بھارتی مسلح افواج کے کسی مجاز میڈیا ہینڈل یا ادارے کی جانب سے اس نوعیت کی کوئی دستاویز جاری کی گئی ہے۔
بیان میں مزید واضح کیا گیا کہ مسلح افواج کے تعلقات عامہ کے دفاتر یا نامزد ترجمانوں کی طرف سے پہلگام واقعہ کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں ہوا، اور نہ ہی IDS نے اس واقعے پر کسی قسم کی سرکاری معلومات جاری کی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے الزامات سامنے آتے ہی پاکستان نے نہ صرف ان الزامات کو رد کیا بلکہ ٹھوس شواہد، مؤثر فیکٹ چیکنگ، اور بین الاقوامی سفارتی چینلز کے ذریعے بھرپور جواب دیا۔
پاکستانی مؤقف کی صداقت اور ثبوتوں پر مبنی مؤثر ڈپلومیسی نے عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کی، جس کے بعد بھارتی مؤقف میں نمایاں کمزوری دیکھنے میں آئی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان نے اقوامِ متحدہ سمیت دیگر عالمی فورمز پر بھی اس واقعے کے تناظر میں بھارت کی جانب سے فالس فلیگ آپریشنز کے خدشات اور پراپیگنڈا بیانیے کو مؤثر انداز میں بے نقاب کیا۔