اسلام آباد: پاکستان بھر میں انٹرنیٹ صارفین کو سست رفتار اور سروس تعطل کا سامنا ہے جب کہ نیا ٹیل اور پی ٹی سی ایل سمیت متعدد انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرز نے ملک گیر مسائل کی تصدیق کی ہے۔
نیا ٹیل کی جانب سے جاری کردہ ایک ای میل میں بتایا گیا ہے کہ موجودہ انٹرنیٹ مسائل کی وجوہات متعدد ہیں جن میں بین الاقوامی ٹریفک اور مختلف اہم سروسز تک رسائی میں رکاوٹیں شامل ہیں۔
اہم وجوہات کیا ہیں؟
نیا ٹیل کے ایک اپ اسٹریم پرووائیڈر کے ساتھ مسائل کی وجہ سے بین الاقوامی ٹریفک متاثر ہورہی ہے جس کے باعث رفتار کم اور کنیکشن غیر مستحکم ہوگیا ہے۔
آؤٹ لک، مائیکروسافٹ ٹیمز اور ون ڈرائیو جیسی ایپس ملک بھر میں متاثر ہورہی ہیں جب کہ وہ ویب سائٹس اور ایپلیکیشنز جو کلاؤڈ فلیئر کے انفراسٹرکچر پر انحصار کرتی ہیں یا تو مکمل طور پر بند ہیں یا بہت سست چل رہی ہیں۔
نیا ٹیل کے مطابق اگرچہ یہ مسائل الگ الگ نوعیت کے ہیں لیکن ان کا ایک ساتھ ہونا صورتحال کو مزید خراب کررہا ہے۔
دیگر انٹرنیٹ سروس فراہم کنندگان نے بھی اسی نوعیت کے مسائل کی نشاندہی کی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ مسئلہ صرف کسی ایک کمپنی تک محدود نہیں ہے۔
مسائل کب حل ہوں گے؟
متاثرہ کمپنیوں اور آئی ایس پیز کی ٹیکنیکل ٹیمیں مسائل کی تشخیص اور حل پر کام کر رہی ہیں تاہم تاحال کسی قسم کا باضابطہ ٹائم فریم فراہم نہیں کیا گیا ہے کہ یہ سروسز کب مکمل طور پر بحال ہوں گی۔