
تمام شوگر ملز میں چینی کے اسٹاک پر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم بھی نصب کر دیا ہے
ملک بھر میں جاری چینی بحران کے پیش نظر وفاقی حکومت نے شوگر ملز کے خلاف فیصلہ کن اقدامات اٹھاتے ہوئے چینی کے تمام ذخائر اپنے کنٹرول میں لے لیے ہیں۔
وزارت فوڈ حکام نے تصدیق کی ہے کہ 19 لاکھ میٹرک ٹن چینی شوگر ملز کے بجائے حکومت کی تحویل میں چلی گئی ہے۔
یہ فیصلہ چینی کی مصنوعی قلت اور قیمتوں کے مزید بڑھنے کے خدشے کے پیش نظر کیا گیا ہے، جس سے عوامی سطح پر شدید اضطراب پیدا ہو چکا ہے۔
مزید پڑھیں: عوامی مفاد میں بڑا قدم، قیمتوں پر کنٹرول کیلئے ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کا فیصلہ
حکام کا کہنا ہے کہ حکومت نے تمام شوگر ملز میں چینی کے اسٹاک پر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم بھی نصب کر دیا ہے تاکہ کسی بھی قسم کی خرد برد اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کی جا سکے۔
اس کے علاوہ، وزارت فوڈ کے ذرائع نے انکشاف کیا کہ 18 شوگر ملز کے مالکان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈال دیے گئے ہیں تاکہ وہ ملک سے فرار نہ ہو سکیں۔
مزید پڑھیں: کراچی میں چینی کا بحران شدت اختیار کرگیا، ہول سیل مارکیٹ میں بھی سپلائی معطل
حکام نے مزید بتایا کہ ای سی ایل میں شامل ملز کے مالکان کے نام کی تفصیلات چند دنوں میں عوام کے سامنے لائی جائیں گی۔
وزارت فوڈ کے حکام کا کہنا ہے کہ شوگر ملز کے ذخیرہ پر ایف بی آر کے ایجنٹس بھی تعینات کر دیے گئے ہیں تاکہ چینی کے ذخائر کی مانیٹرنگ کی جا سکے اور کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں کو روکا جا سکے۔