پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اپنے امریکی ہم منصب مارکو روبیو سے واشنگٹن ڈی سی میں اہم ملاقات کی۔
ملاقات امریکی محکمہ خارجہ (اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ) میں وفود کی سطح پر منعقد ہوئی جس میں دونوں جانب سے اعلیٰ حکام شریک تھے۔
اس موقع پر امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ بھی نائب وزیراعظم کے ہمراہ تھے، جبکہ امریکی محکمہ خارجہ پہنچنے پر امریکی حکام نے اسحاق ڈار کا پرتپاک استقبال کیا۔
یہ دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان پہلی بالمشافہ ملاقات تھی۔ اس سے قبل دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلی فونک رابطے موجود رہے ہیں۔
ملاقات میں پاک-امریکہ دوطرفہ تعلقات، تجارتی و اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، زراعت، معدنیات اور انسداد دہشت گردی سمیت مختلف شعبہ جات میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
مزید پڑھیں: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار واشنگٹن پہنچ گئے، امریکی وزیر خارجہ سے اہم ملاقات متوقع
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے گفتگو میں عالمی اور علاقائی امن کے قیام کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی قیادت کی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے حالیہ پاک-بھارت کشیدگی میں امریکی قیادت کی ثالثی اور مصالحانہ کوششوں کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔
اس موقع پر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں، اور عالمی و علاقائی امن کے لیے پاکستان کا کردار ہمیشہ مثبت اور نتیجہ خیز رہا ہے۔
مارکو روبیو نے مزید کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ اعتماد پر مبنی مضبوط شراکت داری کا خواہاں ہے تاکہ خطے میں پائیدار ترقی اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان جاری ٹریڈ ڈائیلاگ میں مثبت پیش رفت ہو رہی ہے اور پاکستان امریکی سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کے لیے ایک پرکشش منزل ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان علاقائی امن و استحکام کے حوالے سے نقطہ نظر اور مفادات میں ہم آہنگی موجود ہے، اور امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دوطرفہ تعلقات میں پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے، مختلف شعبہ جات میں مضبوط روابط استوار کرنے اور قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔