شاہراہ قراقرم چھوٹی گاڑیوں کے لیے کھول دی گئیں، بابوسر ٹاپ بدستور بند

گلگت بلتستان میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث کئی علاقوں میں ہنگامی صورتِ حال پیدا ہو چکی ہے۔

ترجمان حکومت گلگت بلتستان کے مطابق، شاہراہ قراقرم اور شاہراہ ریشم (دیامر حدود میں) کو چھوٹی گاڑیوں کے لیے کھول دیا گیا ہے، تاہم بابوسر ناران شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بدستور بند ہے۔

ترجمان کے مطابق، بابوسر ٹاپ پر بحالی کا کام اور سیلابی ریلوں میں لاپتہ افراد کی تلاش کا آپریشن جاری ہے۔ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو ٹیمیں اور مشینری مکمل طور پر الرٹ ہیں اور متاثرین کی مدد کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

مزید بتایا گیا ہے کہ چلاس کے علاقے تھور نالے میں اونچے درجے کا سیلاب آیا ہے جس سے آس پاس کے علاقوں کو خطرہ لاحق ہے۔ واپڈا کالونی چلاس میں پانی داخل ہو چکا ہے، جہاں اس وقت سینکڑوں واپڈا افسران اور ملازمین رہائش پذیر ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ گلگت بلتستان بھر میں پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، اور حکومت تمام متاثرہ علاقوں میں مسلسل نگرانی اور امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

Related posts

آئی سی سی کا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر افغان آل راؤنڈر کے خلاف ایکشن

سونے کے بھاؤ آج کیا رہے، قیمت میں ہوا کتنا اضافہ؟

آئی ایم ایف سے 1.2 ارب ڈالر کے حصول کی راہ ہموار ہونے لگی