آئی ایم ایف سے 1.2 ارب ڈالر کے حصول کی راہ ہموار ہونے لگی

آئی ایم ایف سے 1.2 ارب ڈالر کے حصول کی راہ ہموار ہونے لگی

بیشتر شرائط پوری کی جاچکی ہیں جبکہ باقی اہداف پر کام جاری ہے

پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان آئندہ مالی جائزے کے لیے تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں، جس کی کامیابی کی صورت میں ملک کو مجموعی طور پر تقریباً 1.2 ارب ڈالر کی نئی مالی معاونت ملنے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کا جائزہ مشن ستمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گا جہاں 7 ارب ڈالر کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلیٹی (ای ایف ایف) پروگرام کے تحت اگلی قسط کے اجرا پر مذاکرات کیے جائیں گے۔

وزارت خزانہ نے تمام متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہدایت جاری کردی ہے کہ وہ آئی ایم ایف کی جانب سے مقرر کردہ شرائط، اصلاحاتی اہداف اور اسٹرکچرل بینچ مارکس پر پیشرفت کی تفصیلات تیار رکھیں تاکہ جائزہ مشن کے سامنے پیش کی جاسکیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں بجلی اور گیس کے شعبوں میں گردشی قرضے کے خاتمے کے اقدامات، نجکاری پروگرام پر پیشرفت، زرمبادلہ ذخائر کی صورتحال، مہنگائی، پالیسی ریٹ اور نئے بجٹ پر عملدرآمد سمیت مختلف معاشی معاملات کا جائزہ لیا جائے گا۔

حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف وفد کو ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فسیلیٹی (آر ایس ایف) پروگرام پر ہونے والی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق کامیاب اقتصادی جائزے کے بعد آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری سے پاکستان کو ای ایف ایف پروگرام کی پانچویں قسط کی مد میں تقریباً ایک ارب ڈالر جبکہ ماحولیاتی تبدیلی پروگرام کے تحت 20 کروڑ ڈالر ملنے کی توقع ہے۔

حکام کے مطابق پاکستان کو دونوں پروگرامز کے تحت اب تک 4 ارب 80 کروڑ ڈالر موصول ہوچکے ہیں جبکہ اگلے سال ستمبر تک مزید 3 ارب ڈالر سے زائد فنڈز حاصل ہونے کا امکان ہے۔

وزارت خزانہ کے ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام مقررہ سمت میں آگے بڑھ رہا ہے بیشتر شرائط پوری کی جاچکی ہیں جبکہ باقی اہداف پر کام جاری ہے۔

معاشی ٹیم کو امید ہے کہ ستمبر میں ہونے والا جائزہ کامیابی سے مکمل ہوگا، جس کے بعد پاکستان کو نہ صرف نئی قسط ملے گی بلکہ عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ جاری پروگرام پر اعتماد بھی مزید مضبوط ہوگا۔

Related posts

سونے کے بھاؤ آج کیا رہے، قیمت میں ہوا کتنا اضافہ؟

محمد علی ملک اسٹیٹ بینک کے نئے ڈپٹی گورنر مقرر، پانچ سالہ مدت کا نوٹیفکیشن جاری

بغیر میسی کے انٹر میلان کی ٹیم کو مونٹیری کے ہاتھوں شکست کا سامنا