ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال سے پاکستان کی برآمدات متاثر ہونے کا خدشہ

ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال سے پاکستان کی برآمدات متاثر ہونے کا خدشہ

ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کے باعث برآمدی کنٹینرز بندرگاہوں تک نہیں پہنچ پا رہے، فیصل ارشد شیخ

کراچی: ٹرانسپورٹرز کی جاری ہڑتال کے باعث پاکستان کی برآمدی سپلائی چین شدید متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

پاکستان ہوزری مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی ایچ ایم اے) کے چیئرمین فیصل ارشد شیخ کا کہنا ہے کہ پاکستان اس وقت یومیہ تقریباً 26 ارب 36 کروڑ روپے کی برآمدات کررہا ہے تاہم ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کے باعث برآمدی کنٹینرز بندرگاہوں تک نہیں پہنچ پا رہے جس سے شپمنٹس میں تاخیر اور برآمدات متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کنٹینرز بروقت جہازوں پر لوڈ نہ ہونے کی وجہ سے ڈیٹینشن، ڈیمریج اور اسٹوریج کے اخراجات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جب کہ برآمدی سامان وقت پر نہ پہنچنے سے عالمی خریدار آرڈرز مؤخر یا منسوخ بھی کرسکتے ہیں جس کے ملکی برآمدات اور زرمبادلہ پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

فیصل ارشد شیخ نے وفاقی اور سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ٹرانسپورٹرز کے ساتھ فوری مذاکرات کرکے مسئلہ حل کریں جب کہ پورٹ حکام ہڑتال سے متاثرہ برآمدی کنٹینرز کی ترجیحی بنیادوں پر نقل و حرکت یقینی بنائیں۔

انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ ہڑتال کے دوران عائد ہونے والے ڈیٹینشن، ڈیمریج اور اسٹوریج چارجز میں ریلیف دیا جائے کیونکہ تاخیر کا ہر گزرتا دن برآمدات، زرمبادلہ اور صنعتی پیداوار کے لیے خطرہ بنتا جارہا ہے۔

دوسری جانب فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کے باعث صنعتی سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں اور صنعتوں کو خام مال کی قلت کا سامنا ہے۔ درآمدی کنٹینرز بندرگاہوں پر رکے ہوئے ہیں جس سے پیداواری عمل متاثر ہورہا ہے۔

ثاقب فیاض نے کہا کہ امپورٹرز اور ایکسپورٹرز کو ڈیٹینشن اور ڈیمریج چارجز کی مد میں لاکھوں ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے لہٰذا حکومت ہڑتال کے باعث عائد ہونے والے ان اضافی اخراجات میں فوری ریلیف فراہم کرے۔

انہوں نے گڈز ٹرانسپورٹرز اور حکومت دونوں سے اپیل کی کہ وہ مذاکرات کے ذریعے مسئلہ حل کریں کیونکہ ہڑتال سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یومیہ بنیادوں پر ردوبدل کے فیصلے پر بھی نظرثانی کرے کیونکہ روزانہ قیمتوں میں تبدیلی سے گڈز ٹرانسپورٹرز کو کرایوں کی وصولی میں مشکلات اور مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

Related posts

پاکستان میں خام تیل کی پیداوار میں کمی، گیس کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ریکارڈ

عالمی و مقامی سطح پر سونے کی قیمت میں مسلسل اضافہ

سینئر اداکار محمد احمد کی فیس لفٹ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل