کرسٹیانو رونالڈو اور جارجینا روڈریگز نے شادی کرلی؛ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل
شیئر کی گئی تصویر میں دونوں ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے نظر آرہے ہیں
پرتگال کے معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اور ان کی دیرینہ ساتھی جارجینا روڈریگز نے شادی کرلی۔
رونالڈو اور جارجینا روڈریگز نے 11 اگست کو اپنے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو اپنی شادی کی خوشخبری دی۔
شیئر کی گئی تصویر میں دونوں ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے نظر آرہے ہیں جبکہ انہوں نے ہاتھوں میں شادی کی انگوٹھیاں بھی پہن رکھی ہیں۔
کرسٹیانو رونالڈو اور جارجینا روڈریگز گزشتہ کئی برس سے ایک ساتھ ہیں۔ دونوں کے تعلقات کا آغاز 2016 میں ہوا تھا۔ رونالڈو پانچ بچوں کے والد ہیں جن میں سے تین کی مائیں الگ ہیں جبکہ دو بچے جارجینا روڈریگز سے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں کی پہلی ملاقات اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں ایک اسٹور پر ہوئی تھی جہاں اس وقت رونالڈو ریال میڈرڈ کی نمائندگی کر رہے تھے۔
رونالڈو نے اپنے شاندار فٹبال کیریئر کے دوران ریال میڈرڈ، مانچسٹر یونائیٹڈ اور یووینٹس سمیت کئی بڑے کلبز کی نمائندگی کی۔ وہ اپنے کیریئر میں 1000 گول مکمل کرنے کے سنگ میل سے بھی قریب ہیں اور اس تاریخی ہدف تک پہنچنے کے لیے انہیں مزید 24 گول درکار ہیں۔