ہاکی کے سُنہرے دن واپس لانے کے لیے پی ایچ ایف نے بڑا فیصلہ کر لیا
پاکستانی کھلاڑی بہترین مواقع کی حقدار ہیں اور انہیں مکمل سرپرستی فراہم کی جائے گی، صدر پی ایچ ایف
پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے ملک میں خواتین ہاکی کے فروغ اور سنہرے دور کی واپسی کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے ہالینڈ کے معروف کوچ رچرڈ ڈی سنائیجر کو قومی ویمنز ہاکی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔
پی ایچ ایف کے مطابق رچرڈ ڈی سنائیجر کی تقرری خواتین ہاکی کی بحالی کے لیے طویل المدتی حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد قومی ٹیم کو جدید تقاضوں کے مطابق تیار کرنا اور عالمی سطح پر پاکستان کا مقام دوبارہ بحال کرنا ہے۔
نئے ہیڈ کوچ رچرڈ ڈی سنائیجر کو ہالینڈ اور بیلجیئم میں دو دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط اعلیٰ سطحی کوچنگ کا تجربہ حاصل ہے۔ وہ سابق ٹیکنیکل ڈائریکٹر کے ایچ سی ڈریگنز اور ایل ایم ایچ سی لارن بھی رہ چکے ہیں۔
پی ایچ ایف کے مطابق رچرڈ ڈی سنائیجر قومی کوچنگ ایڈوائزر ہرمن کروئس کے ساتھ مل کر خواتین ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے، کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور جدید تربیتی نظام متعارف کرانے پر کام کریں گے۔
فیڈریشن نے بتایا کہ نئے ہیڈ کوچ پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے یورپی ہاکی کلبوں میں تربیتی مواقع پیدا کرنے میں بھی کردار ادا کریں گے، جبکہ اسکول کی سطح سے قومی ٹیم تک خواتین ہاکی کے لیے ایک مضبوط اور پائیدار نظام قائم کیا جائے گا۔
صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن محی الدین احمد وانی نے کہا کہ رچرڈ ڈی سنائیجر کی تقرری سے پاکستان ویمنز ہاکی میں نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی بہترین مواقع کی حقدار ہیں اور انہیں مکمل سرپرستی فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ جدید ہاکی پروگرام کے ذریعے پاکستان خواتین ہاکی میں دوبارہ عالمی سطح پر اپنی شناخت بنانے میں کامیاب ہوگا۔