اٹلی میں شدید گرمی کا قہر، درجہ حرارت 45 ڈگری تک پہنچنے کا امکان

اٹلی میں شدید گرمی کا قہر، درجہ حرارت 45 ڈگری تک پہنچنے کا امکان

شمالی اٹلی کے علاقے پیڈمونٹ میں شدید گرمی اور بارشوں کی کمی کے باعث پانی کا بحران پیدا ہوگیا ہے

اٹلی اس سال کی تیسری شدید ہیٹ ویو کی لپیٹ میں آگیا ہے جہاں درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھنے اور بعض علاقوں میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

موسمی صورتحال کے باعث وسطی اور جنوبی اٹلی میں حکام نے شہریوں کے لیے خطرے کی وارننگ جاری کر دی ہے، جبکہ کئی شہروں کو شدید گرمی کے باعث ریڈ الرٹ کیٹیگری میں شامل کر لیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اٹلی کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت 39 سے 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، جبکہ جزیرہ سارڈینیا کے اندرونی علاقوں میں گرمی 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتی ہے۔

ماہر موسمیات فیڈریکو بریشیا نے موجودہ گرمی کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شدید درجہ حرارت کے باعث برفانی سطح بھی 5 ہزار میٹر سے بلند ہو جائے گی۔

فلورنس شہر 8 جولائی سے ریڈ ہیٹ الرٹ پر ہے، جہاں درجہ حرارت 37 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے۔ روم، بولونیا، جینوا اور ویرونا سمیت کئی شہر بھی شدید گرمی کے خطرے سے دوچار ہیں۔

دوسری جانب شمالی اٹلی کے علاقے پیڈمونٹ میں شدید گرمی اور بارشوں کی کمی کے باعث پانی کا بحران پیدا ہوگیا ہے۔ تقریباً 100 بلدیاتی علاقوں میں پانی کے استعمال پر پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں، جبکہ بعض پہاڑی علاقوں میں ٹینکروں کے ذریعے پانی پہنچایا جا رہا ہے۔

شدید گرمی کے باعث کام کرنے والے افراد کی مشکلات بھی بڑھ گئی ہیں۔ فلورنس میں ڈیلیوری ورکرز نے گرمی کے خطرناک حالات کے خلاف احتجاج اور ہڑتال کا اعلان کیا ہے، جبکہ کئی علاقوں میں دن کے گرم ترین اوقات میں بیرونی کام پر پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔

Related posts

ایران پر امریکا کا پروجیکٹائلز حملہ، 4 مقامات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

سونا اور چاندی مزید گھٹ گئی، قیمت میں ہوئی کتنی کمی؟

امریکا ایران کشیدگی، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ