کراچی، پاکستان اور جنوبی افریقا ویمنز کے درمیان ٹی 20 سیریز کل شروع ہو گی
نیشنل بینک سٹیڈیم میں ظہیر عباس اور ماجد خان انکلوژرز میں داخلہ مفت ہوگا
کراچی میں ویمنز انڈر 19 کرکٹ کا بڑا مقابلہ شروع ہونے جا رہا ہے جہاں پاکستان اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں پانچ ٹی20 میچز پر مشتمل سیریز میں آمنے سامنے ہوں گی۔
سیریز کا پہلا میچ 14 جولائی کو نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ تمام میچز شام 7 بجے شروع ہوں گے۔ ٹاس کا مرحلہ شام 6:30 بجے ہوگا۔
پاکستان ویمنز انڈر 19 ٹیم کی قیادت فضا فیاض جبکہ جنوبی افریقا کی ٹیم کی کپتانی مکے وین وورسٹ کریں گی۔ قومی ٹیم کی کپتان فضا فیاض نے ہوم گراؤنڈ پر سیریز کھیلنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہے۔
فضا فیاض کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ ایک مضبوط حریف ہے کامیابی کے لیے نظم و ضبط، مستقل مزاجی اور بھرپور تیاری ضروری ہوگی۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم نے اپنی گزشتہ پانچ ٹی20 میچز کی سیریز میں بنگلہ دیش کو 3-2 سے شکست دی تھی جبکہ موجودہ اسکواڈ میں بنگلہ دیش سیریز کھیلنے والے 12 کھلاڑی شامل ہیں۔
شائقین کرکٹ کے لیے خوشخبری ہے کہ نیشنل بینک سٹیڈیم میں ظہیر عباس اور ماجد خان انکلوژرز میں داخلہ مفت ہوگا۔
سیریز کے تمام میچز پی ٹی وی سپورٹس اور جیو سپر پر براہ راست نشر کیے جائیں گے جبکہ شائقین ٹیپ میڈ، تماشا اور مائیکو پر بھی لائیو اسٹریمنگ سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔ بین الاقوامی ناظرین کے لیے پی سی بی کے یوٹیوب چینل پر بھی میچز براہ راست دستیاب ہوں گے۔
سیریز میں کامران چوہدری میچ ریفری کے فرائض انجام دیں گے، جبکہ امپائرنگ پینل میں عبدالمقیت، ذوالفقار جان، نازیہ نذیر، صباحت رشید اور ثانیہ اشرف شامل ہیں۔
پانچ میچز پر مشتمل سیریز کے دیگر مقابلے 17، 19، 22 اور 24 جولائی کو کھیلے جائیں گے۔