پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار احسن خان کے والد انتقال کر گئے جس کی اطلاع انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے مداحوں کو دی۔
احسن خان نے اپنے والد کے ساتھ یادگار تصاویر شیئر کرتے ہوئے ایک جذباتی پیغام بھی تحریر کیا جس میں انہوں نے اپنے والد کی شخصیت اور زندگی میں ان کے کردار کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اداکار نے لکھا کہ زندگی میں بعض جدائیاں انسان کو اس حقیقت کا احساس دلاتی ہیں کہ دنیا کی ہر چیز عارضی ہے اور ہر امانت ایک دن اپنے اصل مالک اللّٰہ تعالیٰ کی طرف لوٹ جاتی ہے۔
انہوں نے اپنے والد کو ایک عظیم انسان قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج میں جس مقام پر ہوں اس میں میرے والد کی تربیت، رہنمائی اور حوصلہ افزائی کا بنیادی کردار ہے۔
احسن خان نے اس مشکل گھڑی میں اظہارِ ہمدردی کرنے والے تمام عزیزوں، دوستوں، ساتھی فنکاروں اور مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی محبت، دعاؤں اور حمایت نے انہیں اس صدمے کو برداشت کرنے کا حوصلہ دیا۔
اداکار کے والد کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد شوبز شخصیات، مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے احسن خان اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کے لیے مغفرت اور بلند درجات کی دعا کی ہے۔
