فیفا ورلڈکپ؛ مصر نے پہلی بار ناک آؤٹ مرحلے میں کامیابی حاصل کرلی، فتح فلسطینی عوام کے نام

فیفا ورلڈکپ؛ مصر نے پہلی بار ناک آؤٹ مرحلے میں کامیابی حاصل کرلی، فتح فلسطینی عوام کے نام

مصر نے چار کے مقابلے میں دو گول سے کامیابی حاصل کی اور آخری سولہ ٹیموں میں جگہ بنالی۔

مصر نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر پہلی بار فیفا ورلڈکپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔

فیفا ورلڈکپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں فتح کے بعد مصری کوچ حسام حسن نے یہ تاریخی کامیابی مصری اور فلسطینی عوام کے نام کرتے ہوئے فلسطینی شہدا کے لیے دعا کی ہے۔

ناک آؤٹ مرحلے کے اس مقابلے میں مقررہ اور اضافی وقت کے اختتام پر دونوں ٹیمیں ایک، ایک گول سے برابر تھیں جس کے بعد فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔

مصر نے چار کے مقابلے میں دو گول سے کامیابی حاصل کی اور آخری سولہ ٹیموں میں جگہ بنالی، جہاں اس کا مقابلہ ارجنٹینا سے ہوگا۔

مصر کی جانب سے پہلا گول امام عاشور نے میچ کے تیرہویں منٹ میں کیا تاہم دوسرے ہاف میں محمد ہانی کی جانب سے غلطی سے اپنی ہی ٹیم کے خلاف گول ہونے پر مقابلہ برابر ہوگیا۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کوچ حسام حسن نے کہا کہ اللہ فلسطینی عوام کو کامیابی عطا فرمائے اور شہدا پر اپنی رحمت نازل کرے۔ یہ فتح مصر اور فلسطین کے باوقار عوام کے نام کرتا ہوں۔

کامیابی کے بعد حسام حسن میدان میں مصر اور فلسطین کے پرچم لے کر آئے جب کہ پوری ٹیم نے سجدہ شکر ادا کیا۔

دوسری جانب غزہ سمیت مختلف فلسطینی علاقوں میں بھی مصری ٹیم کی کامیابی کا جشن منایا گیا۔

 

سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر جاری تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ تباہ شدہ عمارتوں اور عارضی خیموں کے درمیان بڑی تعداد میں افراد نے اجتماعی طور پر میچ دیکھا، خوشی کا اظہار کیا اور بچوں نے اپنے چہروں پر مصر کے پرچم کے رنگ بھی سجائے۔

Related posts

نیشنل یوتھ آرکسٹرا دبئی نے بین الاقوامی ایوارڈ اور تاریخی ویانا پرفارمنس کے ساتھ تاریخ رقم کی۔

فیفا ورلڈ کپ کے میچز پر 300 ملین ڈالر کا جوا کھیلنے والا گروہ پکڑا گیا

حنا پرویز بٹ نے سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور فیملی وی لاگرز کو آڑے ہاتھوں لے لیا