نوجوان شادی سے کیوں کتراتے ہیں؟ بشریٰ انصاری نے وجوہات بیان کردیں

نوجوان شادی سے کیوں کتراتے ہیں؟ بشریٰ انصاری نے وجوہات بیان کردیں

اداکارہ نے نوجوانوں میں شادی کے خوف کی وجہ بتادی

پاکستان شوبز کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے کہا ہے کہ معاشرے میں بڑھتے ہوئے تلخ ازدواجی تجربات، دھوکا دہی اور عدم اعتماد کے باعث نوجوان نسل شادی سے ہچکچا رہی ہے۔

حال ہی میں اپنے ایک وی لاگ میں گفتگو کرتے ہوئے بشریٰ انصاری نے کہا کہ آج کل بعض تعلیم یافتہ افراد بظاہر مہذب اور خوش اخلاق نظر آتے ہیں لیکن شادی کے بعد ان کا رویہ بالکل مختلف سامنے آتا ہے۔ کچھ لوگ رشتوں کو مخلصانہ انداز میں نبھانے کے بجائے ذاتی اور مالی مفادات کو ترجیح دیتے ہیں۔

اداکارہ نے اپنے سابق داماد کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ بعض مرد شادی کے بعد بیوی کی مالی حیثیت سے فائدہ اٹھاتے ہیں اور ذمہ داریاں نبھانے کے بجائے ذاتی مفادات کے لیے رشتہ استعمال کرتے ہیں۔

بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایسے افراد بھی دیکھے ہیں جو اپنی گفتگو، تعلیم اور ظاہری شخصیت سے دوسروں کو متاثر کر لیتے ہیں لیکن حقیقت میں ان کا رویہ اور کردار مختلف ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہیں حیرت ہوتی ہے کہ ایسے افراد کو بار بار نئی شریکِ حیات مل جاتی ہے حالانکہ ان کے ماضی سے متعلق معلومات بھی سامنے آچکی ہوتی ہیں۔

اداکارہ نے مزید دعویٰ کیا کہ ان کے سابق داماد نے دوبارہ ایک تعلیم یافتہ خاتون سے شادی کر لی ہے حالانکہ لوگوں نے اس خاتون کو مختلف پہلوؤں سے آگاہ کرنے کی کوشش بھی کی تھی۔

بشریٰ انصاری نے کہا کہ ایسے واقعات نوجوان خواتین میں شادی، خصوصاً دوسری شادی کے حوالے سے خوف پیدا کر رہے ہیں جس کے باعث کئی لڑکیاں تنہا زندگی گزارنے کو ترجیح دیتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بعض مرد بھی شادی سے گریز کرتے ہیں تاہم ان کے نزدیک اس کی ایک وجہ ازدواجی اور خاندانی ذمہ داریاں اٹھانے سے بچنے کی خواہش بھی ہوسکتی ہے۔

Related posts

حکومت کا پیٹرولیم لیوی میں مزید اضافہ، شہری ریلیف سے محروم

ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل، انگلینڈ کے خواب چکنا چور، کینگروز نے عالمی تاج سر پر سجا لیا

امر خان کی انسٹاگرام اسٹوری سوشل میڈیا پر وائرل