حکومت کا پیٹرولیم لیوی میں مزید اضافہ، شہری ریلیف سے محروم
پیٹرول پر پٹرولیم لیوی 64 روپے 14 پیسے سے بڑھا کر 70 روپے 36 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے
وفاقی حکومت نے پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی میں 6 روپے 22 پیسے فی لیٹربڑھاکر شہریوں کو مزید ریلیف سے محروم کردیاہے تاہم ہائی اسپیڈ ڈیزل پر اتنی ہی مقدار میں کمی کر دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول پر پٹرولیم لیوی 64 روپے 14 پیسے سے بڑھا کر 70 روپے 36 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل پر لیوی 77 روپے 4 پیسے سے کم کر کے 70 روپے 82 پیسے فی لیٹر کر دی گئی ہے۔
حکومت نے مٹی کے تیل پر پٹرولیم لیوی 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی ہے جبکہ لائٹ ڈیزل آئل پر لیوی کی شرح بھی 15 روپے 84 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی۔
نئی شرحوں کے نفاذ کے حوالے سے حکومت کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔