سبق نہ سیکھا تو ایران کا وجود باقی نہیں رہے گا، ٹرمپ کی دھمکی
‘ایران نے جنگ بندی کی دوبارہ خلاف ورزی کی ہے’
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی حکام کو سخت دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران نے سبق نہ سیکھا تو اسلامی جمہوریہ ایران کا وجود باقی نہیں رہے گا۔
اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا نے ایک بار پھر ایران میں کارروائی کی ہے جس کے دوران میزائل اور ڈرون ذخیرہ کرنے کی تنصیبات اور ساحلی ریڈار سائٹس کو نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ کارروائی ایران کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی مبینہ خلاف ورزی کے جواب میں کی گئی ہے۔ امریکی فضائیہ نے ایران میں ان مقامات پر حملے کیے جہاں میزائل اور ڈرون سسٹمز محفوظ کیے جاتے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران نے جنگ بندی کی دوبارہ خلاف ورزی کی ہے اور اس رویے کے باعث صورتحال مزید سنگین ہوسکتی ہے۔
انہوں نے سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے خبردار کیا کہ امریکا مستقبل میں مزید کارروائی بھی کر سکتا ہے اگر صورتحال اسی طرح جاری رہی تو واشنگٹن کے پاس مزید تحمل دکھانے کا موقع نہیں رہے گا اور وہ اپنے مشن کو مکمل کرنے پر مجبور ہو سکتا ہے، بصورت دیگر ایران کے وجود کے حوالے سے سنگین نتائج سامنے آسکتے ہیں۔