عالمی منڈی میں خام تیل سستا؛ 27 فروری کے بعد پہلی بار کم ترین سطح ریکارڈ
برینٹ خام تیل کی قیمت گھٹ کر 74 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔
اسلام آباد: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے بعد 27 فروری کے بعد پہلی بار کم ترین سطح ریکارڈ کی گئی ہے۔
بین الاقوامی منڈی میں امریکا اور ایران کے درمیان پیش رفت کے بعد خام تیل پر دباؤ بڑھا ہے اور قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی جارہی ہے۔
برینٹ خام تیل کی قیمت گھٹ کر 74 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے جو 27 فروری کے بعد اس کی کم ترین سطح قرار دی جارہی ہے۔
اسی طرح ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمت بھی کم ہوکر 70 ڈالر فی بیرل رہ گئی ہے جب کہ مربان خام تیل 67 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگیا ہے۔
عالمی منڈی میں قیمتوں میں اس کمی کے اثرات پاکستان میں بھی محسوس کیے جارہے ہیں۔ اس سے قبل حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کرچکی ہے جس کے تحت پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی حد تک ریلیف دیا گیا تھا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران عالمی سطح پر خام تیل مزید سستا ہونے کے بعد اب توجہ آئندہ پیٹرولیم قیمتوں کے تعین پر مرکوز ہے۔
ملک بھر میں یہ توقع کی جارہی ہے کہ اگر عالمی منڈی میں یہی رجحان برقرار رہا تو حکومت اگلے جائزے میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید کمی پر غور کرسکتی ہے۔