فیفا ورلڈ کپ، میزبان وینیوز کے قریب 300 سے زائد ڈرونز ضبط، فضائی نگرانی میں سختی
سیکیورٹی ادارے مسلسل نگرانی اور کارروائیوں میں مصروف ہیں
فیفا ورلڈ کپ کے آغاز کے بعد سے میزبان وینیوز کے اطراف سیکیورٹی اداروں نے فضائی نگرانی کے دوران 300 سے زائد ڈرونز ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق یہ کارروائیاں مختلف اسٹیڈیمز کے قریب کی گئیں جہاں میچز کا سلسلہ 11 جون سے جاری ہے۔
ٹرانسپورٹیشن سیکیورٹی ایڈمنسٹریشن کے مطابق میچ کے دنوں میں اسٹیڈیم کے گرد 3 ناٹیکل میل کے دائرے اور 3 ہزار فٹ کی بلندی تک ہر قسم کی غیر مجاز فضائی سرگرمی پر پابندی عائد ہوتی ہے۔ یہ پابندیاں صرف اسی صورت میں نرم کی جاتی ہیں جب ایئر ٹریفک کنٹرول کی خصوصی اجازت حاصل ہو۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس سخت نگرانی کا مقصد بڑے عوامی اجتماعات اور ورلڈ کپ میچز کے دوران ممکنہ سیکیورٹی خطرات کو روکنا ہے تاکہ کھلاڑیوں اور شائقین کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔
رپورٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ضبط کیے گئے ڈرونز کن مقاصد کے لیے استعمال کیے جا رہے تھے، تاہم سیکیورٹی ادارے مسلسل نگرانی اور کارروائیوں میں مصروف ہیں۔