جعلی آئی ڈیز سے تنگ بشریٰ انصاری نے ایک بار پھر مداحوں کو خبردار کردیا
’میرا نام اور تصاویر کا استعمال کرکے جعلی اکاؤنٹس بنائے جارہے ہیں‘
سینئر پاکستانی اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنے نام سے بنائے گئے جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے لوگوں سے رقم مانگنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مداحوں کو ایسے اکاؤنٹس سے محتاط رہنے کی ہدایت کردی۔
بشریٰ انصاری نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے بتایا کہ میرے نام اور تصاویر کا استعمال کرکے جعلی اکاؤنٹس بنائے جا رہے ہیں اور میرے ذریعے لوگوں سے مالی مدد کے نام پر رقم طلب کی جاتی ہے۔
اداکارہ کے مطابق بعض جعلی اکاؤنٹس میں غریبوں اور بیواؤں کی مدد کیلئے فلاحی ادارہ قائم کرنے کا دعویٰ کیا جاتا ہے جبکہ کچھ صفحات مختلف مذہبی حوالوں کو استعمال کرکے لوگوں سے پیسے مانگ رہے ہیں۔
بشریٰ انصاری نے ایک نئے جعلی اکاؤنٹ کی بھی نشاندہی کی جس میں ان کی حالیہ تصویر استعمال کی گئی تھی۔ انہوں نے مداحوں سے اپیل کی کہ ایسے اکاؤنٹس پر اعتماد نہ کریں اور نہ ہی انہیں فالو کریں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں اس سے قبل بھی اپنے نام سے بنائے گئے جعلی اکاؤنٹس کے حوالے سے لوگوں کو آگاہ کرچکی ہوں تاہم اس کے باوجود ایسے صفحات سامنے آ رہے ہیں۔ جعلی اکاؤنٹس چلانے والے افراد ان کی سوشل میڈیا پر موجود تصاویر استعمال کرکے لوگوں سے رقم طلب کرتے ہیں۔
بشریٰ انصاری نے کہا کہ میں ایسے اکاؤنٹس کو مسلسل رپورٹ اور بلاک کرتی ہوں لیکن یہ سلسلہ ختم نہیں ہو رہا۔ اگر میں کسی کی مالی مدد کرتی ہوں تو خاموشی سے کرتی ہوں اور لوگوں سے رقم مانگنے کیلئے سوشل میڈیا اکاؤنٹس استعمال نہیں کرتی۔
اداکارہ نے مداحوں کو کسی بھی قسم کے دھوکے سے بچنے کیلئے اپنے اصل سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی شیئر کیں اور بتایا کہ میرا انسٹاگرام اکاؤنٹ انصاری ڈاٹ بشریٰ جبکہ فیس بک پر بشریٰ بشیر کے نام سے اکاؤنٹ موجود ہے۔
آخر میں بشریٰ انصاری نے مداحوں سے اپیل کی کہ میرے نام سے چلنے والے کسی بھی مشکوک اکاؤنٹ سے رابطہ کرنے یا رقم بھیجنے سے پہلے اس کی تصدیق ضرور کریں۔