خواتین کے لباس پر بحث؛ حنا پرویز بٹ نے فلک شبیر کو آڑے ہاتھوں لے لیا

خواتین کے لباس پر بحث؛ حنا پرویز بٹ نے فلک شبیر کو آڑے ہاتھوں لے لیا

حنا پرویز بٹ نے خواتین کے لباس پر بحث کو غیر ضروری قرار دے دیا

گلوکار فلک شبیر کی جانب سے عوامی مقامات پر مختصر لباس کے حوالے سے قانون سازی کی تجویز پر جاری بحث پر مسلم لیگ (ن) کی رہنما حنا پرویز بٹ نے فلک شبیر کے مؤقف پر تنقید کرتے ہوئے خواتین کے لباس سے متعلق مباحث کو غیر ضروری قرار دے دیا۔

سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں حنا پرویز بٹ نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آتی کہ بعض افراد کی توجہ خواتین کے لباس پر ہی کیوں مرکوز رہتی ہے۔ دنیا کے کئی ممالک میں لوگ اپنی ذمہ داریوں اور اہم سماجی مسائل پر توجہ دیتے ہیں جبکہ پاکستان میں اکثر اوقات خواتین کے لباس سے متعلق مباحث نمایاں ہوجاتے ہیں۔

انہوں نے استنبول کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں خواتین کے لباس پر غیر ضروری تبصرے یا بحث نہیں کی جاتی جبکہ پاکستان میں ایسے موضوعات کو بلاوجہ اہمیت دی جاتی ہے، اس قسم کی سوچ اور رویے معاشرتی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن سکتے ہیں۔

حنا پرویز بٹ نے مزید کہا کہ لوگوں کو دوسروں کی ذاتی زندگی اور طرزِ لباس پر رائے دینے کے بجائے اپنے معاملات اور معاشرے کو درپیش اہم مسائل پر توجہ دینی چاہیے جو مجموعی طور پر زیادہ مثبت اور تعمیری ثابت ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ فلک شبیر کی جانب سے عوامی مقامات پر مختصر لباس کے حوالے سے قانون سازی کی اپیل کے بعد سوشل میڈیا پر اس موضوع پر مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔

Related posts

لارڈز اور قذافی کرکٹ اسٹیڈیم کو بڑا جھٹکا، حیران کن فیصلہ سامنے آگیا

کیا گرفتاری کا خطرہ ٹل گیا؟ رجب بٹ کیس میں نئی پیشرفت

حمدان بن محمد متحدہ عرب امارات کی فوجی تیاریوں کو آگے بڑھانے کے لیے دفاعی کونسل کے اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔