اسٹریٹیجک اخراجات؛ آئندہ مالی سال صوبوں کو این ایف سی شیئرز میں کمی کی تجویز
آئندہ بجٹ میں تقریبا 12 سو ارب روپے صوبوں کو کم دینے کی تجویز ہے
اسٹریٹیجک اخراجات پورے کرنے کے لیے آئندہ مالی سال صوبوں کو این ایف سی شیئرز میں کمی کی تجویز زیرغور ہے۔
آئندہ مالی سال پنجاب کو 620 ارب روپے، سندھ کو 310 ارب روپے کم شیئرز ملنے کا امکان ہے، جبکہ خبیرپختونخواہ کو 180 ارب روپے اور بلوچستان کو بھی 85 ارب روپے سے زائد کم ملنے کی توقع ہے۔
ذرائع کے مطابق این ایف سی شیئرز کی کٹوتی کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان بات چیت حل طلب ہے وفاق کے پاس مالیاتی گنجائش موجود نہ ہونے کی وجہ سے آئندہ بجٹ میں تقریبا 12 سو ارب روپے صوبوں کو کم دینے کی تجویز ہے تاہم سندھ کا سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت بجٹ 50 ارب روپے سے بڑھا کر 62 ارب روپے کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کے لیے ترقیاتی منصوبوں کے لیے بجٹ 13 ارب سے بڑھا کر 19 ارب روپے کیا گیا ہے جبکہ این ایف سی شیئرز کی کٹوتی ہونے پر وفاقی بجٹ کا حجم ساڑھے 17 ہزار ارب روپے سے بڑھ سکتا ہے تاہم این ایف سی کے تحت شیئرز کم ہونے کی صورت میں صوبائی بجٹ سرپلس دینا مشکل ہو سکتا ہے۔