پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بھونچال، 718 پوائنٹس ڈوب گئے
اسٹاک مارکیٹ میں مجموعی طور پر 564 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز مندی کا رجحان دیکھا گیا جہاں سرمایہ کاروں نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث محتاط رویہ اختیار کرتے ہوئے حصص کی فروخت کو ترجیح دی۔
کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 718 پوائنٹس کی کمی کے بعد 1 لاکھ 71 ہزار 21 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں دورانِ کاروبار انڈیکس بلند ترین سطح 172 ہزار 718 پوائنٹس جبکہ کم ترین سطح 169 ہزار 512 پوائنٹس تک بھی گیا۔
آج اسٹاک مارکیٹ میں مجموعی طور پر 564 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جہاں 57 کروڑ 64 لاکھ سے زائد شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت تقریباً 23 ارب روپے رہی۔
اعداد و شمار کے مطابق 186 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ 270 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتیں گر گئیں۔
گزشتہ کاروباری روز کے اختتام پر 100 انڈیکس 1 لاکھ 71 ہزار 739 پوائنٹس پر موجود تھا تاہم آج عالمی حالات بالخصوص مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال کے باعث مارکیٹ دباؤ کا شکار رہی۔
ماہرین کے مطابق خطے میں بڑھتی کشیدگی نے سرمایہ کاروں کو محتاط کر دیا ہے جس کے باعث انہوں نے نئی سرمایہ کاری کے بجائے منافع حاصل کرنے اور حصص فروخت کرنے کو ترجیح دی۔