امریکا کے ساتھ پاکستان کے ذریعے مذاکرات جاری ہیں، ایران
ایران سفارتی ذرائع سے معاملات کے حل اور تعمیری مذاکرات کے تسلسل کا خواہاں ہے
نیویارک: اقوامِ متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے پاکستان کے ذریعے سفارتی رابطوں اور مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق افغانستان سے متعلق اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر سعید ایروانی نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان معاہدے تک پہنچنے کے لیے خیالات اور تجاویز کا تبادلہ جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک پاکستان کے ذریعے مختلف امور پر اپنی آرا اور تجاویز کا تبادلہ کر رہے ہیں تاکہ کسی متفقہ حتمی مسودے تک پہنچا جا سکے، تاحال معاہدے کا حتمی مسودہ تیار نہیں ہو سکا تاہم مذاکراتی عمل مثبت انداز میں جاری ہے۔
ایرانی سفیر نے کہا کہ جنگ بندی سے متعلق زیرِ غور مسودے میں لبنان سمیت تمام متعلقہ علاقوں کو شامل کیا جائے گا تاکہ ایک جامع اور پائیدار فریم ورک تشکیل دیا جا سکے۔
امیر سعید ایروانی کا مزید کہنا تھا کہ ایران سفارتی ذرائع سے معاملات کے حل اور تعمیری مذاکرات کے تسلسل کا خواہاں ہے اور اس سلسلے میں رابطے بدستور جاری ہیں۔