امریکا جنگ بندی کی خلاف ورزی کا ذمہ دار، اسرائیلی جارحیت کا جواب دیا جائے گا، ایران
ایران دشمن کو دندان شکن جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے
تہران: ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ اسرائیل نے سیزفائر کی خلاف ورزی کی، امریکا جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا براہ راست ذمہ دار ہے، اسرائیلی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
اسماعیل بقائی نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایران اپنی ملکی سلامتی اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ذمہ داری واشنگٹن پر عائد ہوتی ہے جبکہ امریکا خطے میں کشیدگی دوبارہ بڑھانے کا سبب بن رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق امریکا نہ صرف کشیدگی میں اضافے کا ذمہ دار ہے بلکہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں میں بھی براہ راست ملوث ہے۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران سفارتی عمل کو بھی جاری رکھے گا اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے حالات کے مطابق سفارت کاری اور دیگر راستوں کو استعمال کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ لبنان جنگ بندی معاہدے کا ایک اہم حصہ تھا تاہم موجودہ صورتحال میں تمام پیش رفت امریکا کی منصوبہ بندی کے تحت ہو رہی ہے۔
ایرانی ترجمان نے الزام عائد کیا کہ ایران جنگ بندی کی پابندی کر رہا تھا جبکہ اس کی خلاف ورزی اسرائیل کی جانب سے کی گئی۔ خطے میں جاری کشیدگی کی بنیادی وجہ امریکا کی پالیسی ہے جو صورتحال کو مزید بگاڑنے کا سبب بن رہی ہے۔
اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ اسرائیلی اقدامات کو امریکی پالیسیوں سے الگ نہیں کیا جاسکتا، اسرائیل کو امریکی پشت پناہی حاصل ہے، ایران دشمن کو دندان شکن جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
